طویل عرصے سے غیر فعال خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں واقع پارہ چنار ایئرپورٹ کو پاک فوج، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی مشترکہ کاوشوں سے دوبارہ فعال اور آپریشنل کر دیا گیا ہے۔
ایف ڈبلیو او کی جانب سے ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کے بعد 26 اپریل کو پاک آرمی ایوی ایشن نے آپریشنل لینڈنگ اور ٹیک آف کے ٹرائلز کامیابی سے مکمل کیے۔
صحت کے نظام کی بہتری اولین ترجیح، آبادی میں اضافہ بڑا چیلنج ہے: مصطفیٰ کمال
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے پارہ چنار میں واقع یہ ایئرپورٹ طویل عرصے سے بند تھا، تاہم اب اپ گریڈیشن کے بعد دوبارہ فعالیت کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اس بحالی کو علاقے میں فضائی ٹرانسپورٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
26 اپریل 2026 کو پاک آرمی ایوی ایشن نے ایئرپورٹ پر تعمیراتی اور اپ گریڈیشن ورک کے معیار، رن وے کی فعالیت اور مجموعی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ٹرائلز کیے۔
ذرائع کے مطابق پاک آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز مکمل کیے، جن کے دوران رن ویز کو پیشہ ورانہ معیار اور اعلیٰ سیفٹی اسٹینڈرڈز کے مطابق قرار دیا گیا۔
ٹرائلز کے دوران مختلف آپریشنل صورتحال میں ایئرپورٹ اور رن ویز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان کامیاب ٹرائلز کے بعد پارہ چنار ایئرپورٹ کی آپریشنل صلاحیت مزید مستحکم ہو گئی ہے، جس سے علاقائی رابطوں، ہنگامی ردعمل اور معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔