کراچی: پاکستان میں پہلی مرتبہ لائیو اسٹاک انشورنس اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق ایک انشورنس کمپنی کے اشتراک سے اس اسکیم کا آغاز گلیات سے کیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کی مؤثر نگرانی کے لیے جانوروں کی ٹیگنگ کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔
پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم پیشرفت
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ترجمان نے بتایا کہ اس اسکیم کا بنیادی مقصد تیندوں کے حملوں میں مویشیوں سے محروم ہونے والے کسانوں کو مالی معاوضہ فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں ہونے والے نقصان کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مالی معاونت دینے سے جنگلی حیات کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے گی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں شہریوں پر بار بار حملے کرنے والے تیندوے کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا، جبکہ ایک اور واقعے میں 24 گھنٹوں کے دوران تیندوے کے دوسرے حملے میں ایک نوجوان زخمی ہوا۔
ترجمان کے مطابق صرف خنجراب کے علاقے میں 2023 کے دوران لائیو اسٹاک پر تیندوں کے حملوں کے 499 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ 2015 سے 2023 کے درمیان انتقامی کارروائیوں کے نتیجے میں 6 برفانی تیندوے مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انشورنس ماڈل پہاڑی علاقوں میں رہنے والی غریب برادریوں کے مالی نقصانات کے ازالے میں مددگار ثابت ہوگا۔