لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کہا ہے کہ جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، اسی عزم اور حکمت کے ساتھ عوام کو ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔
جیٹ فیول مزید مہنگا، ائیرلائنز کے کرایوں میں اضافے کا امکان
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک فیصلہ نہیں بلکہ ذمہ دار قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین فِسکل مینجمنٹ کی واضح مثال ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بھی جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا تو اسے عام عوام پر مکمل بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے متوازن کیا گیا، اور یہ وہ قیادت ہے جو مشکل حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ہر ممکن حد تک سہارا دیتی ہے۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان ایسے رہنما کے ہاتھوں میں ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتا ہے اور ان کے لیے عملی اقدامات کرتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو وفاق کی اکائیوں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونے پر مبارکباد پیش کی اور تمام وزرائے اعلیٰ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انشاءاللہ ایک قوم بن کر ان مشکل حالات کا مقابلہ کریں گے اور جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، اسی عزم اور حکمت کے ساتھ مزید ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔