اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا نے یہ فیصلہ کے الیکٹرک کے مالی سال 2024 سے 2030 تک کے ملٹی ایئر ٹیرف سے متعلق نظرثانی کی درخواستوں پر دیا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کا ایک حصہ کیوں گرایا؟
فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک کا اوسط ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 32.37 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق رائٹ آف کلیمز سے متعلق اتھارٹی کا سابقہ فیصلہ برقرار رہے گا، جب کہ یہ نیا فیصلہ کے الیکٹرک کی جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی کے تمام شعبوں پر لاگو ہوگا۔
فیصلے کے تحت اگرچہ ٹیرف میں 7 روپے 60 پیسے کی کمی کی گئی ہے، تاہم رائٹ آف کلیمز کی مد میں صارفین پر 50 ارب روپے کا بوجھ برقرار رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی نیپرا کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق فیصلہ کمپنی کے مختلف شعبوں سے متعلق کئی پہلوؤں پر مشتمل ہے، اور کے الیکٹرک اس سلسلے میں تمام قانونی راستے اختیار کرے گی۔