Gas Leakage Web ad 1

نئے گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کیلئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال

0

حکومت اس بات پر تقریباً آمادہ ہے کہ نئے گیس کنکشن درآمدی ری-گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمت پر دیے جائیں، جو موجودہ شرح کے مطابق تقریباً 3 ہزار 900 روپے فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) ہے، اور موجودہ کنکشن فیس سے تقریباً 4 گنا زیادہ ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈویژن نے وفاقی کابینہ کو سمری بھیج دی ہے تاکہ نئے کنکشنز پر پابندی ختم کی جا سکے، جس کا پہلے سال کا ہدف ایک لاکھ 20 ہزار کنکشنز ہوگا۔

ان درخواست گزاروں کو ترجیح دی جائے گی جنہیں پہلے ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے گئے تھے یا جنہوں نے ایمرجنسی فیس ادا کی تھی، لیکن بعد میں عائد پابندی کی وجہ سے کنکشن حاصل نہیں کر سکے، اگلے سال یہ تعداد مزید بڑھا دی جائے گی۔

تقریباً ڈھائی لاکھ درخواست گزار اس زمرے میں آتے ہیں جنہیں یہ حلف نامہ دینا ہوگا کہ وہ اپنے پرانے دعووں یا کنکشن فیس میں اضافے کے خلاف عدالتوں سے رجوع نہیں کریں گے۔

پابندی سے پہلے صارفین کو ترجیحی بنیاد پر کنکشن حاصل کرنے کے لیے 25 ہزار روپے کی ایڈوانس فیس ادا کرنے کی اجازت تھی، جب کہ معمول کی فیس 5 ہزار تا ساڑھے 7 ہزار روپے تھی، دوسری جانب، نیا ایل این جی کنکشن پہلے 15 ہزار روپے میں دیا جاتا تھا۔

فی الحال، گیس کمپنیوں کے پاس نئے کنکشنز کی 35 لاکھ سے زائد درخواستیں زیر التوا ہیں۔

نئے کنکشن کمپنیوں کو بنیادی ڈھانچے (پائپ لائنز وغیرہ) پر مقررہ منافع لینے کا نیا ذریعہ فراہم کرتے ہیں، لیکن اس سے گیس کے نقصانات بڑھ جاتے ہیں، وصولیوں میں کمی آتی ہے اور سردیوں میں گیس کی قلت مزید شدید ہو جاتی ہے۔

اسی لیے لاہور کی سوئی ناردرن کمپنی سردیوں کی طلب سے پہلے ہی گیس کی فراہمی کو محدود کر رہی ہے اور گھریلو صارفین کو روزانہ صرف 6 تا 9 گھنٹے (ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں) گیس فراہم کر رہی ہے، یکم جولائی 2025 سے مقررہ چارجز میں 50 فیصد اضافہ بھی اس مقصد کے لیے کیا گیا کہ مزید گیس فراہم کیے بغیر ہی زیادہ فنڈز حاصل کیے جا سکیں۔

نئے کنکشنز پر پابندی 2009 میں لگائی گئی تھی، جسے 6 سال بعد جزوی طور پر ختم کیا گیا لیکن 2022 میں دوبارہ گیس کی قلت کے باعث پابندی نافذ کر دی گئی تھی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں نئے کنکشنز میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.