راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے موٹر وے ٹھٹہ خلیل پر ہنگامہ آرائی سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں 7 دن کی توسیع کردی۔

اعظم سواتی کو ٹیکسلا پولیس نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت پولیس نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں 7 دن کی توسیع کرتے ہوئے 14 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل مختلف مقدمات میں اسلام آباد کی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد اعظم سواتی کو اٹک جیل سے رہا کیا گیا تھا تاہم ٹیکسلا پولیس نے انہیں جیل سے رہا ہوتے ہی حراست میں لیا تھا۔
بعد ازاں انہیں راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی میں پیش کیا گیا، پولیس کی جانب سے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا تھا۔



