یونان کے ساحل پر کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعہ میں 104 زندہ بچ جانے والوں میں بارہ پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، یونانی حکام نے 82 لاشیں برآمد کی ہیں، دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کی پریس بریفنگ

0

اسلام آباد۔ :دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے یونان کے ساحل پر کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعے میں لاپتہ افراد کی تلاش اور لاشوں کی شناخت کےلئے کوششیں جاری ہیں، 104 زندہ بچ جانے والوں میں بارہ پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، یونانی حکام نے 82 لاشیں برآمد کی ہیں، پاکستان اور روس نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز بات چیت کی ہے، پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کشتی الٹنے کے واقعے پر جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دیگر متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش، لاشوں کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کےلئے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔ ترجمان نے کہا کہ اس سانحہ میں متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، ہمارے دل تمام متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم نے میڈیا کو اس حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا ہے، 104 زندہ بچ جانے والوں میں بارہ پاکستانی شہری بھی شامل ہیں اور وہ اچھی جسمانی حالت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونانی حکام نے 82 لاشیں برآمد کی ہیں، ان کی شناخت ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگی، متعلقہ حکام نے جہاز میں موجود مشتبہ افراد کے اہل خانہ سے ڈی این اے کے نمونے جمع کرنا شروع کردیئے ہیں اور وہ یونانی حکام کے ساتھ اس کا اشتراک کریں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ یونان میں پاکستانی مشن میں سفیر عمار آفتاب اور ان کی ٹیم نے لاپتہ یا ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تلاش اور ان کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےیونانی اپنے ہم منصب سے بات کی ہے جس میں لاپتہ افراد کی تلاش، لاشوں کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر مفاہمت کوبڑھانے، اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی تنظیموں کے تناظر میں تعاون کو بڑھانے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتے ایک اہم پیش رفت کے طور پر روس کے نائب وزیر خارجہ نے اسلام آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور نائب وزیر خارجہ اینڈری روڈینکو اور سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔

فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی تنظیموں کے تناظر میں تعاون اور بات چیت کو بڑھانے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز بات چیت کی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے کے شروع میں بین الاقوامی برادری نے پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا، یہ دن کشمیریوں کے مصائب کی یاددہانی کرتا ہے جنہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو تشدد، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھاگنے پر مجبور کیا گیا، جموں و کشمیر کے ہزاروں لوگ بے گھر زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے وطن واپس جانے سے قاصر ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو اپنے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں خوف اور ظلم و ستم کے ماحول کو ختم کرنا چاہیے اور کشمیری عوام کی زندگیوں میں امن لانا چاہیے۔ دریں اثناءپاکستان نے فلسطین کے جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی قابض فوج کے حالیہ چھاپے کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایک 14 سالہ بچے سمیت چار فلسطینی شہیداور 40 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدام کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مسئلہ کا پرامن حل دو ریاستی حل کے نفاذ میں مضمر ہے، ہم 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور 26 جون 2023 کو آستانہ، قازقستان میں ہوگا، دوطرفہ سیاسی مشاورت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افغانستان اور مغربی ایشیا) سید احسن رضا شاہ کریں گے جبکہ قازقستان کی طرف سے نائب وزیر برائے خارجہ امور کنات تمیسٹ قیادت کریں گے۔

فریقین بات چیت میں سیاسی، تجارتی، اقتصادی، رابطے، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے۔ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی اجلاس 28 فروری 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کا 13واں اجلاس بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں جاری ہے، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ یورپی یونین کی جانب سے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ایشیا پیسیفک ڈویژن کی ڈپٹی منیجنگ ہیڈ پائولا پامپولینی اجلاس میں اپنے وفد کی قیادت کررہی ہیں۔

قبل ازیں ترقی پر مشترکہ کمیشن کے ذیلی گروپ اور تجارت کے ذیلی گروپ کے شرکاء کی 20 اور 21 جون کو ملاقات ہوئی ہے۔ فریقین نے پاکستان۔ ای یو ڈویلپمنٹ پارٹنرشپ، جی ایس پی پلس اور آنے والی نئی جی ایس پی پلس اسکیم، اور پاکستان کے لیے مارکیٹ تک رسائی پر تبادلہ خیال کیا۔ جمہوریت، گورننس، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے ذیلی گروپ کا اجلاس جاری ہے۔ (آج) جمعہ کو منعقد ہونے والی بات چیت میں مائیگریشن اینڈ موبائلٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت، سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ 2007 میں تشکیل دیا گیا پاکستان۔یورپی یونین کا مشترکہ کمیشن پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ترقیاتی تعاون کے لیے ترجیحات کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی طور پر طے شدہ ترجیحات کو فروغ دینے کے لیے سفارشات پیش کرتا ہے اور سیکٹورل معاہدوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.