جنوبی وزیر ستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ، لانس نائیک شہید

0

اسلام آباد،راولپنڈی: جنوبی وزیر ستان کے علاقہ لدھا میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران لانس نائیک محمد صابر شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق لانس نائیک محمد صابر نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔30سالہ شہید لانس نائیک محمد صابر کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔جنوبی وزیر ستان کےعلاقہ میں دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری۔ بہاد ر جوانوں کی لا زوال قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے لانس نائیک معراج الدین شہید کی نماز جنازہ انکے آبائی علاقہ ڈی آئی خان میں ادا کر دی گئی۔ 23 سالہ شہید لانس نائیک معراج الدین کو پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

جنازے میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں، سپاہیوں، رشتہ داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج تمام اندرونی وبیرونی خطرات کیخلاف مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔پاکستان کی مسلح افواج بھرپور طاقت سے امن کو خراب کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کریں گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.