Gas Leakage Web ad 1

نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر پیشرفت تیز، صوبوں سے مشاورت جلد مکمل کرنے پر زور

0

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ اور مشیر برائے وزیراعظم آفس ڈاکٹر توقیر شاہ نے نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان (این ڈی ایم پی) سے متعلق اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔

Gas Leakage Web ad 2

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان، چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس کو نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے تحت عملدرآمد کے روڈ میپ، ادارہ جاتی رابطہ کاری کے نظام، اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ ان اقدامات کا مقصد ملک بھر میں ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل سوسائٹی سے متعلق اصلاحات کو تیز کرنا ہے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مؤثر روابط کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے کامیاب نفاذ کے لیے صوبوں کی فعال شمولیت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم پی ایک قومی فریم ورک ہے، جس کا مقصد معیشت کے تمام شعبوں بشمول تعلیم، صحت، زراعت، ٹیکسیشن، سماجی تحفظ، توانائی، لاجسٹکس اور عوامی خدمات کی فراہمی میں جامع اور مربوط ڈیجیٹل تبدیلی کو یقینی بنانا ہے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے امید ظاہر کی کہ نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت آئندہ وفاقی بجٹ سے قبل مکمل کر لی جائے گی تاکہ ترجیحات میں ہم آہنگی، عملدرآمد کی تیاری اور آئندہ مالی سال کے لیے مؤثر وسائل کی منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ صوبائی حکومتیں بجٹ سے قبل وزارتِ آئی ٹی کے ساتھ این ڈی ایم پی پر اپنی مشاورت اور آراء کو حتمی شکل دے دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی تعاون کے فروغ سے ہم آہنگ ڈیجیٹل نظام تشکیل پائیں گے، خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی اور حکمرانی میں شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس کے شرکاء نے نئے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق ایک علیحدہ کالم شامل کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا، جیسا کہ منصوبہ بندی میں ماحولیاتی پہلو کے لیے پہلے سے ایک مخصوص جزو موجود ہے۔ اس تجویز کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ منصوبوں کے ڈیزائن اور عملدرآمد کے ابتدائی مرحلے ہی سے ڈیجیٹل انضمام اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو شامل کیا جائے، تاکہ مختلف شعبوں میں بہتر حکمرانی، کارکردگی، شفافیت اور خدمات کی فراہمی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزارت آئی ٹی کے حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ این ڈی ایم پی پاکستان کو ایک نمایاں ڈیجیٹل ملک میں تبدیل کرنے کا وژن ہے، جس کے لیے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ملک گیر رابطہ کاری، ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی، اختراعی نظام اور جدید طرز حکمرانی کے فریم ورک میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ماسٹر پلان میں ڈیجیٹل کاروبار کے فروغ، سرکاری شعبے کی ڈیجیٹل خدمات کو مضبوط بنانے، محفوظ اور باہم مربوط ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کی فراہمی، اور ایسی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام پر بھی توجہ دی گئی ہے جو سرمایہ کاری کو راغب کرے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ماسٹر پلان کا سب سے بڑا فائدہ عوام کو ہوگا کیونکہ اس سے انسانی مداخلت کم ہوگی اور عوامی امور میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سرکاری سہولیات اور خدمات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، جس سے شفافیت، سہولت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ وزیر احد چیمہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ وفاقی حکومت وزیراعظم کے ای آفس منصوبے سمیت مختلف ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کامیابی سے مکمل کر چکی ہے، اور انہی منصوبوں کی طرح نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کو بھی کامیابی سے نافذ کیا جائے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.