اسلام آباد: ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کے لیے ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 20 سے 24 اکتوبر تک مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے 9 ججز سنگل بینچز میں فرائض انجام دیں گے۔

جاری کردہ روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 3 ڈویژن بینچز اور ایک اسپیشل ڈویژن بینچ بھی کیسز کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سنگل بینچز میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔
ڈپریشن کے شکار افراد میں سنگین امراض کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف
دیگر ججز میں جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس ثمن رفعت، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس شامل ہیں۔
پہلا ڈویژن بینچ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل ہوگا، جب کہ اسپیشل ڈویژن بینچ جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ہوگا جو ٹیکس سے متعلق کیسز کی سماعت کرے گا۔
تیسرا ڈویژن بینچ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر، جب کہ چوتھا ڈویژن بینچ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سینئر پیونی جج جسٹس محسن اختر کیانی آئندہ ہفتے بھی کسی ڈویژن بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔



