پشاور: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ 7 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق حملہ آوروں نے رتہ کلاچی میں واقع پولیس ٹریننگ اسکول پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے بارود سے بھرا ٹرک اسکول کے گیٹ سے ٹکرا دیا، جس کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشت گرد عمارت کے اندر داخل ہو گئے۔
پولیس اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دہشت گرد دستی بم بھی پھینکتے رہے۔ ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد اور آر پی او سید اشفاق انور موقع پر پہنچ کر کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے 5 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق زخمی 7 اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تمام زیرِ تربیت ریکروٹس کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او کے مطابق واقعے کے وقت اسکول میں ٹرینی، اساتذہ اور عملے سمیت تقریباً 200 افراد موجود تھے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے علاقے کو کلیئر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرچ اور کلین آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کامیاب کارروائی کرنے والے اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اپنی جانیں دے کر دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے اور دلیری سے مقابلہ کیا۔ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔