کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اس سال بھی بگ بیش لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے پی سی بی کی جانب سے این او سی روکنے کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ اس کا مثبت حل نکل آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی بی ایل ایک شاندار سیزن ثابت ہوگا اور ہم پاکستانی کرکٹرز کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں کیونکہ وہ لیگ کی قدر میں اضافہ کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے اپنے کھلاڑیوں کے غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی روک دیے تھے۔ ذرائع کے مطابق این او سی صرف ان کھلاڑیوں کو دیا جائے گا جو بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کے معیار پر پورا اتریں گے۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان سمیت سات کھلاڑی بی بی ایل کا حصہ ہیں جبکہ لیگ کا آغاز دسمبر میں ہوگا۔