جماعت اسلامی نے پنجاب سے گندم کی خیبرپختونخوا سپلائی پر پابندی کو بدترین ظلم قرار دیا ہے۔
امیرجماعت اسلامی کے پی وسطی عبدالواسع نے پنجاب حکومت کی جانب سے کے پی کو گندم سپلائی پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ پنجاب حکومت نے رات کی تاریکی میں دو صوبوں کے درمیان نفرت کے بیج بو دیے، تاجروں کی پنجاب سے خریدی گئی گندم کے پی لانے پر پابندی آئین سے انحراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پی کا کوٹہ نہیں بلکہ تاجروں کی خریدی ہوئی گندم روک رہی ہے، آئین کے تحت پنجاب حکومت کے پی تاجروں کی خریدی گندم روکنے کی مجاز نہیں، پنجاب کا سیلاب سے متاثرہ صوبے کو گندم سپلائی پر پابندی بدترین ظلم ہے۔
عبدالواسع نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے بعد صوبوں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی، پنجاب حکومت نے اتحاد کو پامال کیا، آفت زدہ صوبے کو گندم کی سپلائی روکنا عوام دشمنی کی بدترین مثال ہے۔
جماعت اسلامی رہنما نے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے اور بین الصوبائی گندم سپلائی پر خلاف آئین پابندی ہٹا دے۔