اسلام آباد: ایم ڈی کیٹ 2025 میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے لیے پیپر فارمیٹ اور فیس سے متعلق اہم تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ ٹیسٹ 5 اکتوبر کو منعقد ہوگا اور اس میں 180 ایم سی کیوز شامل ہوں گے، جبکہ منفی مارکنگ نہیں کی جائے گی۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ 2025 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امتحان انگریزی زبان میں، کاغذی شکل (پیپر بیسڈ) میں لیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی نے ٹیسٹ فیس میں 80 فیصد اضافے کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیس میں صرف ایک ہزار روپے کا معمولی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ امتحان کے عملی انتظامات، سیکیورٹی اور لاجسٹکس کے اخراجات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
امیدواروں کے لیے رجسٹریشن کا عمل 8 اگست سے شروع ہو کر 25 اگست 2025 تک جاری رہے گا، جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 1 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔