PM Apna Ghar Program

برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ گروہ کے 7 ارکان کو مجموعی طور پر 34 سال 8 ماہ قید کی سزائیں

بولٹن کراؤن کورٹ نے فیصلہ سنا دیا، گروہ ایرانی شہریوں کو برطانیہ منتقل کرنے کے عوض فی کس 20 ہزار پاؤنڈ سے زائد وصول کرتا تھا، 1 لاکھ 9 ہزار پاؤنڈ نقد ضبط اور 15 لاکھ پاؤنڈ کے اثاثے منجمد

0

برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کے سات ارکان کو بولٹن کراؤن کورٹ نے مجموعی طور پر 34 سال اور 8 ماہ قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق یہ گروہ ایرانی شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے برطانیہ منتقل کرنے کے عوض فی کس 20 ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم وصول کرتا تھا۔ گروہ انسانی اسمگلنگ کے لیے ٹریول ایجنسی کے ذریعے پروازوں کی بکنگ سمیت مختلف انتظامات بھی کرتا تھا۔

پولیس نے 10 جون 2025 کو گریٹر مانچسٹر کے مختلف علاقوں میں 15 مقامات پر چھاپے مارے تھے، جس کے بعد موبائل فونز اور دیگر شواہد کی مدد سے اس منظم نیٹ ورک کے ارکان کے خلاف تحقیقات کو آگے بڑھایا گیا۔

دورانِ تحقیقات انکشاف ہوا کہ گروہ انسانی اسمگلنگ کے ساتھ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور رقوم کی منتقلی کا کاروبار بھی چلا رہا تھا، جسے جرائم سے حاصل ہونے والی دولت کی منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

پولیس نے کارروائی کے دوران ایک لاکھ 9 ہزار 172 پاؤنڈ نقد رقم ضبط کی، جبکہ تقریباً 15 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے۔

عدالت نے مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے ایرج محمدی کو 3 سال 2 ماہ، اسٹاک پورٹ کے اسماعیل مجیلان کو 6 سال 2 ماہ، بولٹن کے عمر فاروق کو 5 سال 7 ماہ، لندن کے آرش قزلباش کو 6 سال 2 ماہ، اسٹاک پورٹ کی فریدہ رفیعی کو 13 ماہ، بولٹن کے عثمان عاصم کو 6 سال جبکہ چیڈل کے رضا عنایتی کو 6 سال 6 ماہ قید کی سزا سنائی۔

تمام سات ملزمان نے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔

گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق یہ منظم گروہ بہتر مستقبل کی تلاش میں برطانیہ آنے کے خواہش مند افراد کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔ پولیس کی طویل تحقیقات اور متعدد کارروائیوں کے نتیجے میں اس نیٹ ورک کے سات ارکان کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.