اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات امریکی سفارت خانے میں جمع کرانے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق امریکی سفارت خانے اسلام آباد کی جانب سے اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) تیار کیے تھے۔
وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہانی
ایف آئی اے نے ملزم چوہدری اسلم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ایک شہری کو امریکی ویزا دلوانے کے عوض ایک کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ دورانِ تفتیش یہ انکشاف بھی ہوا کہ ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات کے ساتھ مبینہ طور پر غلط شناخت بھی استعمال کی گئی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔


