اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ کے تمام اراکین کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ کابینہ کے اراکین کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند کرنی چاہیے اور باہمی معاملات کو افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔
پاکستان کا خلائی سفر میں نیا باب، محمد ذیشان کل چینی مشن کے ساتھ خلا میں جائیں گے
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی بیان بازی سے تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔ وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں، اس لیے ان کی تمام تر توجہ عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رہنی چاہیے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی بیان بازی سے گریز کرنے اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ سیاسی استحکام کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔



