Gas Leakage Web ad 1

پے پال خریدنے کی پیشکش : اربوں ڈالر کا یہ تاریخی معاہدہ کب اور کیسے ہوگا؟

0

عالمی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے میں ایک بڑے ممکنہ معاہدے کی تیاری جاری ہے، جہاں امریکی فن ٹیک کمپنی اسٹرائپ اور نجی سرمایہ کاری فرم ایڈونٹ انٹرنیشنل نے پے پال کو خریدنے کے لیے مشترکہ پیشکش کی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

رپورٹس کے مطابق دونوں کمپنیوں نے رواں ماہ کے آغاز میں پے پال کے لیے 60.50 ڈالر فی شیئر کی پیشکش دی، جس کے تحت کمپنی کی مجموعی مالیت 53 ارب ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ممکنہ معاہدے کے لیے بینکوں سے تقریباً 50 ارب ڈالر کی مالی معاونت کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔

مجوزہ معاہدے کے تحت اسٹرائپ اور ایڈونٹ انٹرنیشنل پے پال کو تقسیم کرنے کے بجائے مشترکہ طور پر خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں دونوں اداروں کی کمپنی میں برابر کی ملکیت ہوگی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور معاہدہ حتمی شکل اختیار کرے گا یا نہیں، اس کی کوئی ضمانت نہیں۔

پے پال، جو 1990 کی دہائی کے آخر میں قائم ہوئی تھی، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے کی ایک بڑی اور ابتدائی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ تاہم گزشتہ چند برسوں میں ایپل پے، گوگل پے اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگی پلیٹ فارمز کی مقبولیت میں اضافے کے باعث اسے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 2021 میں تقریباً 360 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچی تھی، لیکن بعد میں مسلسل کمی کے باعث رواں سال یہ تقریباً 36 ارب ڈالر رہ گئی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں 40 فیصد سے زائد کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر اینریک لوریس کی تعیناتی کے بعد پے پال نے اپنے کاروباری ڈھانچے میں تبدیلیوں اور تنظیم نو کا عمل شروع کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ مکمل ہو جاتا ہے تو یہ عالمی ادائیگیوں کی صنعت میں حالیہ برسوں کے بڑے ترین انضمام میں شامل ہوگا۔ فن ٹیک، مصنوعی ذہانت اور سرحد پار ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث عالمی سطح پر ادائیگیوں سے متعلق کمپنیاں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے خرید و فروخت اور شراکت داری کے منصوبوں میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

دوسری جانب پے پال کی پہلی سہ ماہی آمدنی میں 7 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 8.35 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ کمپنی کے ذریعے ہونے والی مجموعی ادائیگیوں کا حجم بھی 8 فیصد بڑھ کر 464 ارب ڈالر ہو گیا۔

اسٹرائپ دنیا کی نمایاں نجی فن ٹیک کمپنیوں میں شامل ہے، جس کی مالیت فروری میں 159 ارب ڈالر لگائی گئی تھی، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 70 فیصد سے زیادہ اضافہ ہے۔ کمپنی دنیا بھر کے کاروباروں کو آن لائن ادائیگیاں وصول کرنے، رقم کی منتقلی اور مالیاتی عمل کو خودکار بنانے کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.