چین اور پاکستان کا تعاون حقیقی معنوں میں ستاروں تک جا پہنچا: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے 25 نومبر کو چین کے تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینزو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی سفیر، چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اس مشن کے ذریعے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن لے جایا جا رہا ہے۔
غیر ملکی وفود کی آمد، اسلام آباد میں کل مقامی تعطیل کا اعلان
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا شکر گزار ہے، جس نے پاکستانی خلا باز کو اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔
اس مشن کے نتیجے میں ایک پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن گیا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے چینی اداروں کی کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کو چاند اور اس سے آگے کی منزلیں حاصل کرنے کے لیے متحرک کرے گی۔
انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور دوراندیش وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور انسانیت کے وسیع تر مفاد میں اپنا خلائی پروگرام دوست ممالک کے لیے بھی کھول دیا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں رواں سال منعقد ہونے والی تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے چینی سفیر کے ذریعے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی بھجوائے۔


