وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی سی ایس آئی آر کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے مینڈیٹ، کارکردگی اور مستقبل میں اس کے ممکنہ کردار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پی سی ایس آئی آر کی تمام لیبارٹریز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں، تاکہ پاکستانی برآمدی مصنوعات کی عالمی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ توثیق کے عمل کو آسان بنایا جاسکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے قائم ایکو سسٹم میں پی سی ایس آئی آر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے ادارے کو اپنا تحقیقی کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوگا۔
سوئی ناردرن کے شیئر ہولڈرز کی مالی سال 26-2025 کے لیے 30 فیصد نقد منافع کی منظوری
شہباز شریف نے نوجوانوں کی صنعتی اور فنی تربیت کے لیے نیوٹیک کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی بھی ہدایت کی، جبکہ پی سی ایس آئی آر کے حوالے سے کرائی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
وزیراعظم نے پی سی ایس آئی آر کے قیام کے مقاصد، قانونی ذمہ داریوں، اب تک کی کارکردگی اور مستقبل میں ادارے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ قومی معیشت، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ادارے کو مزید مؤثر اور فعال کیسے بنایا جاسکتا ہے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر کی ملک بھر میں 10 تحقیقی لیبارٹریز اور یونٹس جبکہ 7 تکنیکی تربیتی ادارے کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 12 نئی لیبارٹریز بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پی سی ایس آئی آر صنعتی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور کم لاگت پر مبنی تکنیکی حل فراہم کرتا ہے، جس کا مقصد ملکی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ ادارہ اب تک 12 ہزار سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت بھی فراہم کرچکا ہے۔
پی سی ایس آئی آر خوراک، زراعت، بائیوٹیکنالوجی، ادویات، ٹیکسٹائل، چمڑے، معدنیات، انجینئرنگ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق اور ترقی کی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔
ادارے کی لیبارٹریز ملکی صنعتوں اور برآمد کنندگان کو مصنوعات کی جانچ، معیار کی تصدیق اور تکنیکی آلات کی پیمائش و درستی (کیلیبریشن) سے متعلق سہولیات بھی فراہم کرتی ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک اور خالد مگسی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


