وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان کے تحت پاکستان کو 2035 تک ایک ہزار ارب اور 2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف ہے۔

بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں، اب پاکستان آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کے لیے پُرامید ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن کا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن گیا، پاک چین دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ گئی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 2 برس میں تقریباً 5 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے، ذیشان علی کے خلائی تجربات موسمیاتی مشکلات کے خلاف مزاحمت، بیجوں اور جدید صنعتی مواد کی تیاری میں معاون ہوں گے، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور امدادی نظام کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔


