کراچی میں کُل کتنی عمارتیں مخدوش ہیں؟ جانیے
کراچی (نیوز ڈیسک) لیاری میں چھ منزلہ عمارت گرنے کا سانحہ، اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم، ایس بی سی اے افسران معطل
کراچی کے علاقے لیاری میں گزشتہ روز چھ منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے دلخراش واقعے نے شہر بھر میں افسوس کی فضا قائم کردی۔ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے، جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ذمہ دار افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو عمارت کے منہدم ہونے کی وجوہات کا جائزہ لے گی۔
حکومتی رپورٹ کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر 578 مخدوش عمارتیں موجود ہیں، جن میں سب سے زیادہ 456 عمارتیں ضلع جنوبی میں واقع ہیں۔ ضلع وسطی دوسرے اور کیماڑی تیسرے نمبر پر ہے۔ دیگر اضلاع میں کورنگی میں 14، شرقی میں 13، ملیر میں 4 اور ضلع غربی میں صرف 2 مخدوش عمارتیں ہیں۔
متاثرہ عمارت کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اسے تقریباً 50 سال قبل تعمیر کیا گیا تھا، اور چند سال قبل ایس بی سی اے نے اسے خطرناک قرار دے کر خالی کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ انتظامیہ کے مطابق کئی مرتبہ نوٹسز جاری کرنے کے باوجود مکینوں نے عمارت خالی نہیں کی، یہاں تک کہ بجلی کی فراہمی بھی منقطع کی گئی، لیکن رہائشیوں نے انخلا سے گریز کیا۔
وزیر بلدیات سندھ، سعید غنی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر کو معطل کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تشکیل دی گئی کمیٹی تین روز میں اپنی رپورٹ مکمل کرکے وزیر بلدیات کو پیش کرے گی۔