لاہور میں ’’کل پنجاب اجتماعِ ذمہ داران‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں اور ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو پنجاب میں ایک بڑی سیاسی جماعت اور ملک بھر میں بڑی پارلیمانی قوت بن کر سامنے آنا ہوگا۔
سونا فی تولہ 700 روپے سستا، قیمت 4 لاکھ 10 ہزار 936 روپے ہوگئی
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جو سیاسی جماعت خود کو منوا لیتی ہے، ملک بھر میں اسی کی سیاست چلتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد جماعت اسلامی ملک بھر میں بڑی پارلیمانی قوت بن کر سامنے آئے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کا سیاسی، سماجی اور معاشی نظام چند ہاتھوں میں یرغمال بنا ہوا ہے۔ طاقتور حلقے اس نظام میں انجینئرنگ کرتے ہیں، کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے تو کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی عوامی مفادات کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے حصول کے لیے ہوتی ہے۔ برصغیر کی سیاست میں کلٹ، جاگیرداری اور سرمایہ دارانہ نظام کو اہمیت حاصل ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ اسٹیبلشمنٹ جہاز بھر بھر کر الیکٹیبلز کو مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل کراتی ہے اور گزشتہ 80 سال سے اسٹیبلشمنٹ کے سائے تلے سیاسی جماعتیں قوم پر مسلط کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف کا نظام کہیں نظر نہیں آتا، جبکہ انصاف پر مبنی نظام کا قیام ہماری ذمہ داری ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ رائے عامہ کو ہموار کرنے اور ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی ہی عوامی مسائل حل کرنے اور ملک میں نظام کی تبدیلی کی صلاحیت رکھتی ہے۔



