موبائل نیٹ ورک یا انٹرنیٹ کا مسئلہ ہے؟ پی ٹی اے نے حل بتادیا
موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ یا کسی بھی ٹیلی کام سروس میں خرابی آ جائے تو شکایت درج کرانے کا طریقہ اب کافی آسان کر دیا گیا ہے۔

سب سے پہلے آپ کو اپنی کمپنی سے رابطہ کرنا ہوگا۔ چاہے وہ کال سینٹر ہو، ویب سائٹ ہو، موبائل ایپ ہو یا قریبی کسٹمر سروس سینٹر، وہاں جا کر اپنا مسئلہ واضح طور پر بتائیں۔
شکایت درج کرواتے وقت ایک بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ کو کمپلینٹ نمبر ضرور ملے، اور تاریخ اور وقت بھی نوٹ کر کے اپنے پاس رکھ لیں۔ یہ نمبر بعد میں بہت کام آئے گا۔
کمپنی کو مسئلہ حل کرنے کے لیے تھوڑا وقت دیں۔ اگر مقررہ وقت میں بھی آپ کی شکایت حل نہ ہو، یا جو حل بتایا گیا وہ آپ کو ٹھیک نہ لگے، تو پھر آپ پی ٹی اے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے نے اس کے لیے اپنا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بنایا ہوا ہے۔ وہاں آپ آن لائن شکایت درج کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ وہ پہلا کمپلینٹ نمبر بھی دینا ہوگا جو آپ کو کمپنی سے ملا تھا۔
شکایت درج کرانے کے لیے آپ پی ٹی اے کے آن لائن پورٹل پر جا سکتے ہیں، یا موبائل ایپ استعمال کر سکتے ہیں جو اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں کے لیے موجود ہے۔ اس کے علاوہ ہیلپ لائن 0800-55055 پر کال بھی کی جا سکتی ہے، اور چاہیں تو پی ٹی اے کے دفتر جا کر ذاتی طور پر بھی درخواست دے سکتے ہیں۔



