Gas Leakage Web ad 1

کوشش کریں گے معدنیات کو خام شکل میں بیرون ملک نہ بھیجا جائے، وزیراعظم

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے اور ملک کے قیمتی معدنی وسائل کو ملکی صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔

Gas Leakage Web ad 2

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم نے معدنیات کے ایجنڈے کو قومی معاشی وژن کا مرکزی حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ہاکی کی بحالی کیلئے کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے: رانا ثناء اللہ کا اعلان
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دو دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ اب عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ریکوڈک دنیا میں تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اپنے معدنی وسائل کو ملکی ڈاؤن اسٹریم صنعتوں کے لیے بروئے کار لائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ بیرک کمپنی کے پاکستان پر اعتماد کو برقرار رکھنے پر شکر گزار ہیں۔ گولڈمین سیکس کی پیشگوئی کے مطابق 2075 تک پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ ان شاء اللہ پاکستان 2050 سے بھی پہلے دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنا نہیں بلکہ معدنیات کو ملک میں نکالنے، پراسیس کرنے اور تیار کرنے کے بعد برآمد کرنا ہے۔ یہ سفر مشکل ضرور ہے لیکن پاکستان پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کاروں، دونوں کے لیے فائدہ مند ہے، جبکہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے اور لائسنسز و معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔ نیشنل منرل ڈیٹا سینٹر اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو مستند معلومات فراہم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔

بیرک گولڈ کے وفد سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ایک مثال قائم کرے گی، جبکہ بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران مہمان وفد نے وزیراعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے منرلز کانفرنس کے انعقاد کو ملک میں معدنی شعبے کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ وفد نے کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام کے لیے سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جان تھورنٹن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال صوبہ ہے اور ان وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا، مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے مواقع پیدا کرنا اور منصوبوں کے اردگرد آباد آبادیوں کی ترقی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بیرک مائننگ کارپوریشن کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے، جس کی کامیابی مستقبل کے دیگر منصوبوں کے لیے بھی مثال بنے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا اہم سنگِ میل اور ملکی معاشی مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی معیار قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سازگار ماحول تشکیل دے رہی ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں معدنی شعبے کے لیے موزوں پالیسی، ریگولیٹری اور بنیادی ڈھانچے کے نظام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے کے علاوہ پاکستان کے دیگر معدنی منصوبوں کی ترقی کے لیے بھی بیرک کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب اور علی پرویز ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.