جھینگا فارمنگ : حکومت کا بڑا منصوبہ، ٹارگٹ دے دیا
*جھینگا فارمنگ اور برآمدات بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت*

وزیراعظم کی قائم کردہ سب کمیٹی نے جھینگا فارمنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات بڑھانے کے لیے روڈ میپ کی تیاری کے لیے 120 دن کی مہلت دے دی۔
وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ ذیلی کمیٹی برائے ایکوا کلچر اور شرمپ ویلیو چین کا اجلاس وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری کی زیر صدارت ہوا، جس میں صوبائی ماہی گیری کے محکموں اور متعلقہ وفاقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جھینگا فارمنگ کے شعبے کو جدید، مسابقتی اور برآمدات پر مبنی صنعت میں تبدیل کرنے کے لیے جامع رپورٹ تیار کی جائے گی۔ رپورٹ میں دستیاب اعداد و شمار کی تصدیق، اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز اور شعبے کو درپیش مشکلات کا جائزہ شامل ہوگا۔
حکام کے مطابق اس عمل سے جھینگا فارمنگ کی موجودہ صورتحال کا بنیادی ڈیٹا تیار کیا جائے گا، جبکہ پیداوار سے لے کر پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات تک پوری ویلیو چین میں موجود رکاوٹوں کی نشاندہی کی جائے گی اور پیداوار بڑھانے و عالمی منڈی میں مسابقت بہتر بنانے کے لیے اصلاحات تجویز کی جائیں گی۔
کمیٹی نے 7 تکنیکی ورکنگ گروپس اور تخمینہ و لاگت کا ایک شعبہ قائم کیا ہے جنہیں 14 رپورٹیں اور برآمدی تخمینے تیار کرنے ہیں۔ اجلاس میں اعداد و شمار جمع کرنے اور تصدیق کے لیے مشترکہ طریقہ کار بھی منظور کیا گیا، جبکہ مسائل کی ترجیح بندی، اصلاحاتی تجاویز کی تیاری اور پیش رفت کی نگرانی کے لیے فریم ورک تشکیل دیا گیا۔
ابتدائی طور پر 14 روزہ ایکشن پلان منظور کیا گیا ہے جس کے تحت شریک اداروں کو مقررہ مدت میں ذمہ داریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں جھینگے کی پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور عالمی منڈی میں برآمدی مسابقت بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔



