امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر فرانسیسی ایئرلائن ایئر فرانس اور نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم پر مجموعی طور پر 425,000 امریکی ڈالر (11 کروڑ 75 لاکھ 25 ہزار پاکستانی روپے) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

دونوں ایئرلائنز پر عراق کی فضائی حدود میں واقع ’’بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن‘‘ میں 32 ہزار فٹ سے کم بلندی پر پرواز کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر امریکی ایئرلائنز کی پروازوں پر اس حوالے سے پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ایئر فرانس اور کے ایل ایم کی مذکورہ پروازیں امریکی ایئرلائن ڈیلٹا ایئر لائنز کے ساتھ مشترکہ معاہدے کے تحت کوڈ شیئر کے ذریعے چلائی جا رہی تھیں۔ اس لیے قانون کے مطابق جب کوئی ایئرلائن کسی امریکی ایئرلائن کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کے تحت پروازیں چلاتی ہے تو اس پر امریکی حفاظتی قوانین کی پابندی بھی لازم ہوتی ہے۔
سرگودھا میں سرکاری اسکول ٹیچر کے موبائل سے بچوں کی نازیبا ویڈیوز برآمد
یہ خلاف ورزیاں 2022 سے 2025 کے درمیان ہوئیں۔ امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئر فرانس کی 30 سے زائد جبکہ کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں ممنوعہ عراقی فضائی حدود سے گزریں۔
امریکی حکام نے کے ایل ایم پر 320,000 ڈالر جبکہ ایئر فرانس پر 105,000 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ دونوں ایئرلائنز کو مجموعی جرمانے میں سے 265,000 ڈالر اگلے 60 دنوں کے اندر ادا کرنا ہوں گے، جبکہ باقی رقم اس صورت میں معاف کی جا سکتی ہے کہ اگر وہ آئندہ ایک سال کے دوران ایسی کسی خلاف ورزی کا دوبارہ ارتکاب نہ کریں۔
دونوں ایئرلائنز نے امریکی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ضابطہ جاتی قوانین کی پابندی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ ایئرلائنز نے وضاحت کی کہ متعلقہ پروازوں کے دوران فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث عراقی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے ان کے پائلٹس کو بلندی کم کرنے یا مزید بلندی پر نہ جانے کی براہِ راست ہدایات دی تھیں، جن پر عمل کرنا پروازوں کی حفاظت کے لیے ضروری تھا۔



