الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو کرانے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی، جبکہ پولنگ کے روز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل ووٹ ڈالے جاسکیں گے۔
افسوس ہے جس ملک میں اسکواش کا راج ہوا کرتا تھا، آج اس کے کھلاڑی عالمی سطح پر بہت پیچھے ہیں: جہانگیر خان
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں تقرریوں، تبادلوں اور تقریروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک وصول کیے جائیں گے، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی۔
امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کرسکیں گے، جن پر فیصلے 19 سے 23 نومبر تک کیے جائیں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست بھی اسی روز جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کا عمل 21 سے 24 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی قانون 2015 کے تحت انتخابات کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی، تاہم الیکشن کمیشن مجبور ہوکر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم جاری کر رہا ہے۔



