پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چودھری نے کہا کہ برآمدات میں ہونے والا اضافہ ملکی تجارتی سرگرمیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران فش پراڈکٹس کی برآمدات میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا فیصلہ پہلے ہو جانا چاہیے تھا: نواز شریف
وفاقی وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدات کے فروغ اور برآمد کنندگان کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں برآمد کنندگان کے لیے سمندری راستے کھولے جا رہے ہیں تاکہ مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک ترسیل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
جنید انور چودھری نے کہا کہ یورپ جانے والے گارمنٹس برآمد کنندگان کے لیے براہِ راست شپنگ کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے یورپی منڈیوں تک مصنوعات کی ترسیل میں آسانی پیدا ہونے اور برآمدات کے اخراجات میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برآمد کنندگان کو سہولتیں فراہم کرنے اور سمندری تجارت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے ملکی برآمدات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔



