اسلام آباد: وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے اور پٹرول کی جو قیمت بنتی ہے، وہ عوام کو شفاف انداز میں بتائی جاتی ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم کا اجلاس مصطفیٰ محمود کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی کا بحران پیدا ہوا ہے اور اس کشیدگی سے پٹرول، ڈیزل اور خام تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ڈیزل اتنا مہنگا نہیں ہوا، ہمیں معلوم ہے کہ عوام تکلیف میں ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ کامیڈین مسٹر بین 40 سال بعد اسٹیج پر واپسی کیلئے تیار
اجلاس میں نوید قمر نے کہا کہ پٹرولیم لیوی نان ٹیکس ریونیو ہے اور اس پر پارلیمنٹیرینز کا ووٹ نہیں ہوتا، پٹرولیم لیوی ایگزیکٹو کے اختیار میں ہے اور جب چاہیں اس میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔
اس پر وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے اہداف بجٹ میں مختص ہیں اور اس میں تبدیلی بھی ملٹی لیٹرل پارٹنر کی رضامندی کے بغیر نہیں کرسکتے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے کچھ نہیں چھپایا، ہر چیز اوگرا کی ویب سائٹ پر موجود ہے، پٹرولیم لیوی موجود ہے اور یہ 80، 80 روپے ہے۔
اس موقع پر معین عامر پیرزادہ نے کہا کہ عوام تنگ ہیں، اس لیے تیل کی قیمتوں پر غور کیا جائے۔
وزیر پٹرولیم نے جواب دیا کہ حکومت کو اس بات کا احساس ہے، وہ بھی اپنے حلقے میں جاتے ہیں اور پٹرول کی جو قیمت بنتی ہے، وہ عوام کو صاف اور شفاف انداز میں بتائی گئی ہے۔



