ورلڈ چیس اولمپیاڈ 2026, پاکستانی ٹیم نےگولڈ میڈل جیت لیا، وطن واپسی پر شاندار استقبال
سمرقند، ازبکستان میں منعقدہ 46ویں FIDE ورلڈ چیس اولمپیاڈ 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی قومی چیس ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سید ذیشان علی نقوی، وائس پریزیڈنٹ شیخ ریحان اعظم، سیکریٹری جنرل راجہ گوہر اقبال اور قومی کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں اور فیڈریشن عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور سبز ہلالی پرچم لہرا کر ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ عالمی مقابلے میں تقریباً 200 ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سید ذیشان علی نقوی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے محنت، صلاحیت اور جذبے سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی جاری رکھنے پر زور دیا۔
قومی ٹیم کی وطن واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر قومی جذبے اور خوشی کا اظہار کیا گیا، جبکہ فیڈریشن عہدیداران اور کھلاڑیوں نے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی اور کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔



