وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کرپشن اور بدعنوانی کی نشاندہی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ عوامی شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 1350 بھی فعال کر دی گئی ہے۔
مریم نواز کے مطابق خفیہ سیل سے موصول ہونے والی رپورٹس براہِ راست ان تک پہنچائی جا رہی ہیں اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف گرفتاریاں بھی شروع ہو چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رشوت، بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی اور شکایت کنندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اطلاع سے کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے، جبکہ لوٹی گئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ کرپشن صرف سرکاری رقم کی چوری نہیں بلکہ عوام کے حق اور اعتماد سے خیانت بھی ہے۔ عوام کے پیسے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم کے استعمال اور ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ لازمی قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے کرپشن سے متعلق شکایات پر مقررہ مدت کے اندر کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ کرپشن کے مقدمات میں کسی عہدے، تعلق یا سفارش کی بنیاد پر کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور اسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔