### خواجہ آصف کا عمران خان کی صحت سے متعلق بیان
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن کی جانب سے ان کی صحت سے متعلق وضاحت کے بعد معاملہ ختم ہوجانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی بہن خود ڈاکٹر ہیں اور انہوں نے ڈاکٹروں کے ہمراہ اپنے بھائی سے ملاقات کی۔ ان کے مطابق عمران خان کا بلڈ پریشر بھی چیک کیا گیا جو نارمل تھا۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹروں کی جانب سے صحت کے حوالے سے اطمینان بخش بیان کے باوجود ان کے بعض حامی، خصوصاً بیرون ملک موجود حامی، اسے قبول نہیں کر رہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی صحت کے بارے میں تشویش کا ماحول برقرار رکھ کر احتجاج کو تقویت دینے اور سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے سنگین صورتحال کے دعوے درست نہیں اور انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔