گردے ہمارے جسم میں واٹر فلٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔ جس طرح واٹر فلٹر پانی سے نقصان دہ چیزوں کو خارج کرتا ہے، اسی طرح گردے بھی جسم سے فاضل اور نقصان دہ مواد نکالنے کا اہم کام انجام دیتے ہیں۔
گردے خون کو فلٹر کرتے ہیں، جس کے دوران زہریلے مواد اور اضافی سیال کو جسم سے خارج کیا جاتا ہے، جبکہ پوٹاشیم، سوڈیم اور دیگر اجزا کی سطح کو متوازن رکھا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ گردے ایسے ہارمونز بھی بناتے ہیں جو بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے سے لے کر ہڈیوں کی مضبوطی تک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آسان الفاظ میں کہا جائے تو گردے انسانی جسم کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں۔
ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد گردوں کے دائمی امراض کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں سیال اور دیگر فاضل مواد جسم میں جمع ہونے لگتا ہے۔
اس حوالے سے ناقص غذائی عادات بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے ایسی غذاؤں کے بارے میں جاننا ضروری ہے جو گردوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
نمک کا زیادہ استعمال
غذا میں نمک کا زیادہ استعمال بلڈ پریشر کی سطح میں اضافہ کرتا ہے، جس کے نتیجے میں گردوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
نمک کے زیادہ استعمال سے گردوں میں پتھری بننے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، جو ایک انتہائی تکلیف دہ مرض ہوسکتا ہے۔
چینی بھی نقصان دہ
چینی کا زیادہ استعمال صرف بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ نہیں کرتا بلکہ اس سے گردوں کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
چینی کے زیادہ استعمال سے گردوں کے افعال متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا حجم بھی بڑھ سکتا ہے۔
میٹھے مشروبات
سوڈا یا سافٹ ڈرنکس کا استعمال بھی گردوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال گردوں کے دائمی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
سرخ گوشت
حیوانی پروٹین سے بھرپور غذائیں، جیسے سرخ گوشت، بھی گردوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے جسم کے لیے حیوانی پروٹین کو ہضم کرنا نسبتاً مشکل ہوتا ہے، جس سے گردوں پر بوجھ بڑھ جاتا ہے اور ان کے لیے جسم سے فاضل مواد خارج کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔
اگر آپ پہلے ہی گردوں کے مسائل کا شکار ہیں تو حیوانی پروٹین سے بھرپور غذا کا زیادہ استعمال بیماری کی شدت میں اضافہ کرسکتا ہے۔
کیفین
چائے، کافی اور سوڈا میں موجود کیفین کے استعمال سے بھی گردوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
کیفین کے استعمال سے خون کا بہاؤ اور بلڈ پریشر بڑھنے کے ساتھ گردوں پر دباؤ میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
اسی وجہ سے طبی ماہرین کی جانب سے کیفین کے زیادہ استعمال کو گردوں کی پتھری کے خطرے سے بھی منسلک کیا جاتا ہے۔
الٹرا پراسیس غذائیں
بہت زیادہ نمک، چینی اور چکنائی سے بھرپور غذائیں گردوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں چکنائی اور چینی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
ان غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔