سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں سزا یافتہ قرار دیتے ہوئے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
ڈیوڈ وارنر کے شراب پی کر گاڑی چلانے سے متعلق کیس کی سماعت آسٹریلوی عدالت میں ہوئی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر کی جانب سے جرم کا اعتراف کیے جانے کے بعد عدالت نے انہیں سزا سنائی اور 1500 آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ عائد کردیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک
سماعت کے دوران ڈیوڈ وارنر کے وکیل اویس احمد نے عدالت سے استدعا کی کہ وارنر کو سزا یافتہ قرار نہ دیا جائے۔ وکیل کا مؤقف تھا کہ ڈیوڈ وارنر کی غلطی کو دنیا بھر کے میڈیا نے نمایاں طور پر رپورٹ کیا، جس کے باعث ان کے مالی معاہدے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
تاہم عدالت نے قرار دیا کہ شراب پی کر گاڑی چلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے ایک واضح پیغام دینا انتہائی اہم ہے، جس سے ڈیوڈ وارنر کے دوبارہ ایسا جرم کرنے کے امکانات کم ہوں گے۔
عدالت کے حکم کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو اب گاڑی چلانے کے لیے انٹر لاک ڈیوائس بھی استعمال کرنا ہوگی۔ انٹر لاک ڈیوائس کا لائسنس حاصل کرنے اور اسے گاڑی میں نصب کروانے کے بعد ہی وہ گاڑی چلا سکیں گے۔
انٹر لاک ڈیوائس الکوحل کی موجودگی کا پتا چلنے کی صورت میں گاڑی کو اسٹارٹ ہونے سے روک دیتی ہے۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیوں کے لیے سڈنی گئے تھے، جہاں ان کا رینڈم بریتھ ٹیسٹ کیا گیا۔ اس وقت وہ شراب پی کر گاڑی چلا رہے تھے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کی جگہ پہنچنے سے قبل گاڑی میں موجود اپنے ساتھی کے ساتھ سیٹ بھی تبدیل کی تھی۔
یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ ماہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔