راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی، جس کے بعد نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا گیا
نالہ لئی کے اطراف میں موجود آبادی کو انخلا کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ صادق آباد اور ڈھوک الٰہی بخش میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ مری روڈ اور راول روڈ پر بھی پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا ہے، جبکہ گولڑہ میں سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب مقبوضہ جموں اور بالائی علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں درجن سے زائد دیہات کی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔