بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوسہولیات فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزارت خارجہ، آئی ٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے بیرون ملک پاکستانیوں کو سفارتخانوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔
ایف ایف سی نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی دوسری سہ ماہی کے مالی نتائج کا اعلان کر دیا ہے
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے نظام کی ڈیجیٹائزیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں اور اس سہولت سے متعلق خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شام کی شفٹ بھی شروع کر دی گئی ہے۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اپوسٹائل نظام کے تحت دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو ون اسٹپ کر دیا گیا ہے، جبکہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے تعاون سے ایک موبائل ایپلی کیشن کی تیاری جاری ہے۔
موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت دیگر اہم دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہو سکے گی۔