Gas Leakage Web ad 1

پاکستان میں جدید نظام متعارف : گھر بیٹھے ’ای پاسپورٹ‘ بنوانا نہایت آسان

0

**پاکستان میں روایتی مشین ریڈیبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کو مرحلہ وار ختم کرکے جدید ای پاسپورٹ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔**

Gas Leakage Web ad 2

ملک میں سفری دستاویزات کے نظام کو جدید بنانے کے لیے حکومت نے ای پاسپورٹ سسٹم کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت شہری موبائل ایپ کے ذریعے پاسپورٹ کی درخواست جمع کرا سکیں گے، آن لائن فیس ادا کریں گے اور تیار شدہ پاسپورٹ ان کے گھر تک پہنچایا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام **باخبر سویرا** میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس **محمد عبد الخالق** نے بتایا کہ پاکستان نے اپنا پہلا ای پاسپورٹ 2022 میں جاری کیا تھا، تاہم اس وقت یہ نظام عالمی ای گیٹس سے مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2025 میں نظام کو اپ گریڈ کر دیا گیا، جس کے بعد پاکستان کے پاس بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل ای پاسپورٹ سسٹم موجود ہے۔ ان کے مطابق ای پاسپورٹ میں جدید لیزر اینڈ گریونگ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ شامل ہیں، جس سے اس کی جعل سازی انتہائی مشکل ہو جاتی ہے۔

محمد عبد الخالق کا کہنا تھا کہ ای پاسپورٹ میں موجود ڈیجیٹل معلومات دنیا بھر کے ای گیٹس پر فوری طور پر تصدیق کی جا سکیں گی، جس سے پاکستانی مسافروں کو طویل جانچ پڑتال اور غیر ضروری انتظار سے نجات ملے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی **انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO)** کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جو مکمل ہونے کے بعد پاکستانی ای پاسپورٹ دنیا بھر میں ای گیٹس پر مزید مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔

ڈی جی پاسپورٹس کے مطابق نئے نظام میں درخواست کا پورا عمل آن لائن ہوگا۔ نادرا کی **پاک آئی ڈی** موبائل ایپ کو پاسپورٹ سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے شہری پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک سے درخواست، تصاویر اور دیگر مطلوبہ دستاویزات آن لائن جمع کرا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو بائیومیٹرک تصدیق یا آن لائن درخواست میں دشواری پیش آئے تو وہ قریبی پاسپورٹ آفس یا نادرا مرکز جا کر اپنا ڈیٹا جمع کرا سکے گا، تاہم اسے طویل قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر انٹرویو بھی آن لائن لیا جا سکے گا، جبکہ مطلوبہ دستاویزات ڈیجیٹل صورت میں طلب کی جائیں گی۔ پاسپورٹ فیس موبائل بینکنگ ایپس یا ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکے گی، جس سے پورا نظام زیادہ شفاف، تیز اور شہریوں کے لیے آسان ہو جائے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.