Gas Leakage Web ad 1

کوچز، مینٹورز اور والدین نوجوان کھلاڑیوں پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں ، مصباح الحق

0

قومی سلیکٹر اور قومی اکیڈمی کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ان پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے مثبت رہنمائی اور مناسب مواقع فراہم کیے جانے چاہییں۔

Gas Leakage Web ad 2

ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ کامیابی صرف ٹیلنٹ سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ نظم و ضبط، مستقل مزاجی، سخت محنت، فٹنس، باقاعدہ پریکٹس اور متوازن غذا بھی ایک کامیاب کھلاڑی کی بنیادی خصوصیات ہیں۔

انہوں نے کوچز، مینٹورز اور والدین پر زور دیا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی ضرور کریں، تاہم ایسا دباؤ نہ ڈالیں جو ان کے اعتماد، کھیلنے کے جذبے یا ذہنی نشوونما کو متاثر کرے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں دینا ضروری ہے، لیکن ان کی عمر، ذہنی پختگی اور سیکھنے کے عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب وقت اور مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہییں۔

سابق قومی کپتان نے چار روزہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی فارمیٹ کھلاڑیوں کی تکنیک، صبر، فیصلہ سازی اور ذہنی مضبوطی کو بہتر بناتا ہے اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر نوجوان کرکٹرز نظم و ضبط، محنت اور مستقل مزاجی کو اپنی عادت بنا لیں تو وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.