مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 3 ملزمان گرفتار
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک زخمی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں گشت کے دوران اتوار بازار کے قریب موٹرسائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ دوسرے کو بحفاظت گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت زخمی ساحل ذوالفقار اور شاہد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل، دو موبائل فونز اور 30 بور پستول بمعہ گولیاں برآمد کی گئیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔
دوسری کارروائی اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں کی گئی، جہاں پولیس کے مطابق سریا مل زعفرانی کانٹے کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت نوید حسین کے نام سے کی ہے۔ حکام کے مطابق اس کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، چلیدہ خول، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دونوں واقعات کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔



