اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
کروشیا کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کروشین وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
اسٹاک مارکیٹ سرمایہ کاروں کی تعداد میں تاریخی 48 فیصد اضافہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان خیرسگالی اور باہمی اعتماد پر مبنی مضبوط تعلقات موجود ہیں، جبکہ کروشیا پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ ہیں اور افغان سرزمین کسی بھی ملک، بالخصوص پاکستان، کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کے فروغ کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔