لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کاشف اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی چھت پر مرمتی کام جاری تھا اور غفلت و لاپرواہی کے باعث زیادہ وزن پڑنے سے چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق جبکہ ایک خاتون ٹیچر سمیت 7 بچے زخمی ہو گئے۔
پنجاب سے 35 ہزار 719 غیر ملکی باشندے ڈی پورٹ
فیصل کامران کے مطابق پولیس نے مکان مالک سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ عمارت میں صبح کے اوقات میں اسکول بھی چلتا تھا، جبکہ حادثے کے وقت بچے اکیڈمی میں ٹیوشن کے لیے موجود تھے۔ پولیس کے مطابق عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ بچے گراؤنڈ فلور پر موجود تھے۔
دوسری جانب مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، حادثے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے اور ذمہ داروں کے تعین کا حکم بھی دیا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزراء کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔