سابق قومی کرکٹر وسیم اکرم نے حج کی ادائیگی کے بعد اپنی زندگی میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے کراچی میں واقع پانچ کنال زمین مسجد اور مدرسے کے لیے وقف کر دی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ زمین پر پہلے فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کرنے کا منصوبہ تھا، تاہم حج سے واپسی کے بعد وسیم اکرم نے اس ارادے کو تبدیل کرتے ہوئے وہاں ایک جامع مسجد اور مدرسہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ روز اسی مقام پر مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق کرکٹرز انضمام الحق، سعید انور، محمد یوسف اور معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے شرکت کی۔
جنوبی افریقا ویمنز انڈر 19 ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے تیار
وسیم اکرم کے مطابق حج سے قبل ان کا ارادہ اس زمین پر فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کا تھا، لیکن حج کے روحانی اثرات اور سعید انور کی رفاقت نے ان کی سوچ بدل دی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے دل میں ایک عظیم الشان جامع مسجد اور مدرسہ تعمیر کرنے کی خواہش پیدا کی تاکہ یہ منصوبہ ان کے والدین کے لیے صدقۂ جاریہ اور بخشش کا ذریعہ بن سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسجد کی تعمیر کے لیے وہ پانچ کروڑ روپے مختص کر چکے ہیں اور اس منصوبے پر آنے والے تمام اخراجات خود برداشت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد کا ڈیزائن ترکی کی معروف مساجد کے طرز پر تیار کیا جائے گا اور اس میں نمازیوں کے لیے تمام ضروری سہولیات موجود ہوں گی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کا کرم ہے اور سعید انور کی محنت اور رہنمائی کا بھی اس میں اہم کردار ہے، جس نے انہیں ایک ایسے راستے کی طرف راغب کیا جہاں انہیں حقیقی سکون حاصل ہوا۔