ہائیکورٹس کے ججز کے خلاف شکایات پر غور کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل، سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی اور ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرریوں اور موجودہ ہائیکورٹس کے ججز کی کارکردگی سے متعلق طریقہ کار طے کرنے کے حوالے سے رولز کی منظوری کے لیے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کریں گے۔
پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی 11 جون کو تینوں اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ ان اجلاسوں میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف شکایات سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بھی شامل ہوگا، جس میں تمام ہائی کورٹس کے ججز کے خلاف شکایات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
ہائی کورٹس میں نئے ججز کی تقرریوں کے طریقہ کار اور موجودہ ہائی کورٹس کے ججز کی کارکردگی کے جائزے سے متعلق رولز کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ان رولز کی حتمی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد نئے ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز ہوں گے جبکہ موجودہ ججز کی کارکردگی کے جائزے کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔
اسی روز قومی عدالتی پالیسی ساز میکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، جس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے۔ اس اجلاس میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان شرکت کریں گے۔
اجلاس میں سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے تمام ہائی کورٹس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پرانے مقدمات کے فوری فیصلے کے لیے بھی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ تمام ہائی کورٹس اپنے اپنے صوبوں میں کیے گئے اقدامات سے متعلق اجلاس کو آگاہ کریں گی۔