اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وزارتِ داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ہدایت جاری کی ہے کہ تین روز کے اندر ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود سے متعلق نوٹیفکیشن کمیشن کو ارسال کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن فوری طور پر فراہم کرنے کا حکم بھی دیا ہے، جبکہ مردم شماری کے چارجز، سرکلز اور بلاکس پر مشتمل ٹاؤن کارپوریشنز کے مصدقہ نقشے بھی طلب کر لیے ہیں۔
خیبر پختونخوا: آئندہ بجٹ میں 400 سے زائد نئے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ
کمیشن کے مطابق 13 مئی کے اجلاس میں اسلام آباد انتظامیہ کو مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ آج ہونے والے اجلاس میں دوبارہ ہدایت کی گئی کہ تمام دستاویزات تین روز کے اندر جمع کرائی جائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مطلوبہ دستاویزات کی عدم فراہمی کے باعث تعطل کا شکار ہے۔ کمیشن نے یہ بھی کہا کہ قائمہ کمیٹی کی مجوزہ قانون سازی پر غور اور وفاقی کابینہ کی جانب سے قواعد میں ترامیم کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہو سکے۔