عوامی مسائل کے مکمل حل کے لئے کوشاں,کسی عوامی مسئلے کو نظرانداز نہیں کریں گے، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر
بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں سیاسی، انتظامی اور عوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی اور انتظامی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت میں عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال کرنے اور ریاست اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے بریفنگ میں بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 500 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا گیا ہے جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں اسکولوں اور کالجز کے قیام کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے عوامی مسائل کے حل سے متعلق پیشرفت پر استفسار کیا اور ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی اور کسی بھی عوامی مسئلے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔