Gas Leakage Web ad 1

دنیا میں منفرد مثال، پاکستان، چین دوستی وقت کی ہرآزمائش پر پوری اتری: شہباز شریف

0

چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وائس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس تسائی دافنگ نے شرکت کی۔

Gas Leakage Web ad 2

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی بھائیوں کی تقریب میں موجودگی باعث مسرت ہے اور وہ صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی اور چینی قیادت کو اس خوشی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے، چاہے سیلاب ہو یا کوئی اور آفت، چین نے ہمیشہ بے مثال تعاون فراہم کیا، جبکہ پاکستان نے بھی ہر موقع پر ون چائنہ پالیسی کی حمایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا جل رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

وزیراعظم نے کہا کہ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے اور سی پیک صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا عملی مظہر ہے جو پاکستان کی معیشت اور روزگار کے مواقع کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہر مشکل وقت میں چین کے تعاون کو سراہا ہے اور خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے، اور مشترکہ کاوشوں سے ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی اقتصادی اور فوجی قوت آج دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ زراعت میں جدت کے لیے چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے اور ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس نے چین میں جدید تربیت مکمل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر چینی شہری کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ امید ہے کہ صدر شی جن پنگ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس تسائی دافنگ نے کہا کہ 75 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث مسرت ہے اور وہ صدر پاکستان اور وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2015 میں سی پیک کے تحت تعلقات آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ تک پہنچے اور چین عالمی فورمز پر پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور وقار کے تحفظ کی مضبوط حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک حقیقی کثیرالجہتی نظام اور منصفانہ عالمی نظام کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے سائنس، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تحفظ میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 75 سال پہلے شروع ہونے والا سفر آج آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں تبدیل ہو چکا ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور ترقی دونوں ممالک کا مشترکہ خواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے ہیں جبکہ چین کی ترقی، جدت اور غربت کے خاتمے کی پالیسی دنیا کے لیے مثال ہے۔ صدر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ چین کا پاکستان کے لیے عظیم تحفہ ہے اور پاکستان ہمیشہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک امن، استحکام اور کثیرالجہتی ترقی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع پر فولادی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔

تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری اور کائے ڈی فینگ نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا جبکہ بچوں نے چینی ثقافتی نغموں پر پرفارمنس پیش کی۔ بعد ازاں صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، کائے ڈی فینگ اور چینی سفیر نے مل کر کیک کاٹا اور دونوں ممالک کے گلوکاروں نے نغمے پیش کیے۔ اس موقع پر 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ بھی جاری کیا گیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.