امریکی رکنِ کانگریس جیک بریگ مین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو تعریفی خط لکھا ہے۔
امریکی رکنِ کانگریس جیک بریگ مین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام ایک خصوصی تعریفی خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے امن مذاکرات کے لیے پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت کی رہنمائی پر دلی شکریہ ادا کیا ہے۔
کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے لکھے گئے اس خط میں جیک بریگ مین نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا حقیقی ریاستی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات میں پاکستان نے کلیدی قائدانہ کردار ادا کیا اور اپنی منفرد سفارتی پوزیشن کا بہترین استعمال کر کے حقیقی حکمت کا مظاہرہ کیا ہے۔
امریکی رکنِ کانگریس نے خط میں واضح کیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دیرپا اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں، اور وائٹ ہاؤس سمیت امریکی کانگریس بھی پاکستان کے اس مثبت سفارتی کردار کا عوامی سطح پر اعتراف کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات کو مزید پائیدار اور مضبوط بنانے کے لیے وہ جلد پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔