عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کو 1.3 ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جاری اعلامیے میں تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو یہ رقم موصول ہوگئی ہے، جبکہ فنڈز کی منتقلی ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرام کے تحت کی گئی۔
کراچی: منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ پنکی پر اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ بھی درج
مرکزی بینک کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 مئی کو تیسرے جائزے کی منظوری دیتے ہوئے اس قسط کی ادائیگی کی اجازت دی تھی۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 760 ملین ایس ڈی آر کی منظوری دی، جبکہ آر ایس ایف پروگرام کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی دوسری قسط کی بھی منظوری دی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر موصول ہوئے ہیں۔ بینک نے واضح کیا کہ موصول ہونے والی رقم پاکستانی روپے کی صورت میں نہیں بلکہ زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے زرمبادلہ ذخائر میں ظاہر ہوگی، جبکہ آئی ایم ایف سے فنڈز موصول ہونے سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق موجودہ پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک مجموعی طور پر 4.6 ارب ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ پاکستان نے ستمبر 2024 میں 37 ماہ کے لیے ای ایف ایف پروگرام حاصل کیا تھا۔