عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کے حالیہ اجلاس میں عوامی مفاد سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہر اجلاس میں عوامی فلاح کو ترجیح دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو انشورنس سہولت فراہم کی جائے گی۔
عیدالاضحیٰ کی آمد، حکومت کا تنخواہ اور پنشن پیشگی ادا کرنے کا فیصلہ
ان کے مطابق کابینہ نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور پہلی مرتبہ کچے کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ “اپنا کھیت اپنا روزگار” سکیم کے تحت کچے کے علاقوں کے لوگوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں اب تک 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ 30 ہزار پلاٹس کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مریم نواز خود اس عمل کی سرپرستی کر رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ پنجاب کابینہ نے مینارٹی کارڈ کے فنڈز میں اضافے کی منظوری بھی دی ہے، اور حکومت کے تمام فیصلے عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب حکومت منصوبوں کو نہ صرف اعلان کی سطح پر رکھتی ہے بلکہ انہیں مقررہ مدت سے پہلے مکمل بھی کیا جا رہا ہے، اور اگر کسی دوسرے صوبے کو تعاون درکار ہو تو پنجاب حکومت کے دروازے کھلے ہیں۔